تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
6 ستمبر 2010
وقت اشاعت: 11:28

یوم دفاع پاکستان: پوری قوم کو اپنی بہادر افواج پر ناز ہے

کراچی : ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ سیلاب کے باعث اس سال یوم دفاع کی تمام تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔ اور مختص رقم کو سیلاب زدگان کیلئے وقف کردیا گیا ہے۔ یوم دفاع کے موقع پر مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور پاک سرزمین کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر افواج کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔



لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر تقریب ہوئی ۔پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے مدبر رہنماکو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے سلامی پیش کی ۔لاہور کے گیریژن کمانڈر میجر جنرل مظہر جمیل نے مزار پر پھول رکھے اورملک کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعامانگی گئی ۔لاہور ہی میں میانی صاحب قبرستان میں شہید میجر شبیر شریف کے مزار پر پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی ۔ لاہور کے آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل عظیم آصف نے مزار پر پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی.



سلامی کے موقع پر میجر شبیرشریف کی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجودتھے ۔شہید کی والدہ کا کہنا تھاکہ انہیں اپنے بیٹے کی شہادت پرفخر ہے قوم کی ہر ماں وطن کے لیے اپنا بیٹا قربان کرنے کے لیے تیار ہے ۔ لاہور کے رینجرز ہیڈ کوارٹر میں بھی شہدا کی یادگار پر تقریب ہوئی جہاں ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد یعقوب خان نے یادگار پر پھول رکھے ۔



کراچی میں مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب ہوئی۔ پاک فضائیہ کے ایئر وائس مارشل حفیظ اللہ تقریب نے مزار پر پھول رکھے ۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے پاک بحریہ کے جوانوں سے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ تقریب میں پانچ خواتین کیڈٹس بھی شریک تھیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.