6 ستمبر 2010
وقت اشاعت: 12:13
امسال رمضان تیس دن کاہوگا،سعودی ماہر فلکیات کی پیشگوئی
جدہ : معروف سعودی ماہر فلکیات اور عبدالعزیز یونیورسٹی جدہ میں شعبہ فلکیات کے ڈین ڈاکٹر حسن باصرہ نے انکشاف کیا ہے کہ امسال رمضان المبارک مکمل تیس دن کا ہو گا۔ ان کہنا ہے کہ 29 رمضان المبارک کو چاند سورج سے 10 منٹ قبل غروب ہو گا جس کا صاف مطلب ہے کہ اسی رات شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آ سکے گا۔
عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر حسن باصرہ کا کہنا تھا کہ انتیس رمضان کو اُفق پر چاند اور سورج کے درمیان تین درجے کا فاصلہ ہوگا۔ چاند سورج سے تین درجے غروب کی سمت کے قریب ہو گا اور سورج سے دس منٹ قبل غروب ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ جمعرات کو بھی روزہ ہو گا اور فلکی تقویم کے مطابق جمعةتہ المبارک دس ستمبر کو سعودی عرب میں عیدالفطر ہو گی۔سعودی عرب میں سپریم جوڈیشل کونسل اور سپریم کورٹ کے زیر اہتمام رمضان المبارک، شوال اور ذالحجہ کے لیے چاند دیکھنے کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔
جدید ترین آلات اور دوربینوں کے باوجود سعودی سپریم کورٹ میں رویت ہلال کے سلسلے میں مطلق آنکھ کی روایت اور لوگوں کی گواہی کو معتبر قرار دیا جاتا ہے۔ سعودی عرب کے وسطی علاقے بالخصوص "السدیر"کے بلند مقامات رویت ہلال کے حوالے سے مشہور ہیں۔