7 ستمبر 2010
وقت اشاعت: 12:34
سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد2کروڑ10لاکھ ہوگئی،اقوام متحدہ
اقوامِ متحدہ : اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی تعداد دو کروڑ دس لاکھ تک پہنچ گئی ہے لیکن ان کے لیے بین الاقوامی امداد تاحال سست روی کا شکار ہے۔امداد کی اپیل کی صرف چونسٹھ فیصدرقم ملی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق سیلاب کی تازہ صورتحال کی وجہ سے سترہ ستمبر کو امداد کی دوبارہ اپیل کی جائے گی۔انسانی امداد کےامور کے لیے اقوامِ متحدہ کے ادارے ’اوچا‘ کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افرادکی تعداد دو کروڑ دس لاکھ تک پہنچ گئی ہےاور صوبہ سندھ کے زیریں علاقوں میں سیلابی ریلے کی موجودگی کی وجہ سے اس میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار سات سو باون تک پہنچ گئی ہے جبکہ اٹھارہ لاکھ سے زائد گھر یا تو سیلاب میں بہہ چکے ہیں یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔ااوچا‘ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے متاثرین کے لیے چار سو انسٹھ ملین ڈالر کی جو ابتدائی اپیل جاری کی تھی، اس مد میں اب تک صرف چونسٹھ فیصد رقم ہی حاصل ہو چکی ہے اور اب سیلاب سے ہونے والے مزید نقصان کے پیشِ نظر سترہ ستمبر کو ایک نئی امدادی اپیل بھی جاری کی جائے گی۔