31 مئی 2011
وقت اشاعت: 20:35
مشہور صوفی شاعر امیر خسرو کی سالانہ تقریبات کا آغاز
نئی دہلی: مشہور صوفی شاعر حضرت امیر خسرو کے عرس کی سالانہ تقریبات نئی دہلی میں شروع ہوگئی ہیں۔ فارسی اور ہندی زبان میں تصوف کی بلندیوں کو چھونے والے ، ماہر موسیقی کا اصل نام ابو الحسن تھا جسے دنیاامیر خسرو کے نام سے جانتی ہے ۔
امیرخسرو نے سلطنت دہلی کے آٹھ بادشاہوں کا زمانہ دیکھا اور برصغیر میں اسلامی سلطنت کے ابتدائی ادوار کی سیاسی، سماجی اور ثقافتی زندگی میں سرگرم حصہ لیا۔امیر خسرو نے ہر صنف شعر ، مثنوی ، قصیدہ ، غزل ، ہندی دوہے ،پہیلیاں ، گیت وغیرہ میں طبع آزمائی کی۔
انہوں نے غزل میں پانچ دیوان یادگارچھوڑے۔ ہندوستانی موسیقی میں ترانہ ، قول اور قلبانہ انہی کی ایجاد ہے۔ امیر خسرو کو حضرت خواجہ نظام الدین اولیا سے خاص نسبت تھی اسی لئے ان کی وفات کے بعد آپ کو انھی کے قدموں میں دفن کیا گیا۔نئی دہلی میں امیر خسرو کے سالانہ عرس کی تقریبات زور و شور سے جاری ہیں۔جس میں ملک بھر سے زائرین شرکت کے لئے آ رہے ہیں۔