6 اپریل 2011
وقت اشاعت: 11:34
برطانوی ارب پتی رچرڈ بران سن نے ستاروں پر کمند ڈال دی
کیلی فورنیا : اب جدید ترین جیٹ آبدوز میں بیٹھ کر سطح آب کے نیچے دنیا کے گہرے ترین مقامات کی سیاحت ممکن ہو گئی۔ نیو پورٹ بیچ کیلی فورنیا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے برطانیہ کے ورجن گروپ کے مالک رچرڈ بران سن نے اپنے ایک اچھوتے منصوبے کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جس کے مطابق اٹھارہ فٹ لمبی ایک جیٹ آبدوز میں بیٹھ کر دنیا کے پانچ سب سے گہرے مقامات کی سیاحت کی جاسکے گی۔
ورجن اوشینک نامی اس پروجیکٹ میں آبدوز دو سال کے دوران پانچ مرتبہ زیر آب اترے گی۔ پہلا سفر رواں سال کے آخر میں ہوگا جس میں آبدوز بحرالکاہل کی چھتیس ہزار فٹ گہری ،، ماریانہ سرنگ کی سیاحت کرے گی۔ رچرڈ بران سن نے بتایا کہ اس منصوبے پر دس ملین ڈالر لاگت آنے کی توقع ہے۔ رچرڈ بران سن نے امید ظاہر کی کہ یہ آبدوز ایک دن عام افراد کو بھی زیر آب دنیا کی سیر کراسکتی ہے۔