1 جون 2011
وقت اشاعت: 17:31
کراچی : معروف فنکار معین اخترانتقال کر گئے
کراچی : فلم ، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف مزاحیہ ادکار اور کروڑوں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے معین اختر اب ہم نہیں رہے ،معین اختر کافی عرصہ سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور ان کا آٹھ سال قبل بائی پاس بھی کیا گیا ۔
جمعہ کو انہیں دوران غسل دل کی تکلیف ہوئی جس کے بعد انہیں کراچی کے کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبرد نہ ہو سکے ۔ ان کی عمر 61 سال تھی اور انہوں نے سوگوران میں بیوہ سمیت تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کو چھوڑا۔انکی نمازہ جنازہ نماز ہفتہ کو ظہر کے بعد جامع مسجد ملیر کینٹ فیز ٹو میں ادا کی جائے گی۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے معین اختر نے پاکستان ٹیلی ویڑن پر اپنے کام کا آغاز 6 ستمبر 1966ءکو پاکستان کے پہلے یوم دفاع کی تقریبات کے لیے کیے گئے پروگرام سے کیا۔ جس کے بعد انہوں نے کئی ٹی وی ڈراموں، سٹیج شوز میں کام کرنے کے بعد انور مقصود اور بشرہ انصاری کے ساتھ ٹیم بنا کر کئی معیاری پروگرام پیش کیے۔ وہ بطور فلم ہدایت کار، پروڈیوسر، گلوکار اور مصنف کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے کئی زبانوں میں مزاحیہ اداکاری کی اور انکا کام بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول تھا۔ انہیں انکے کام کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی طرف سے پرائڈ آف پرفارمنس اور ستارہ امتیاز سے نوازہ گیا ۔