1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:3
شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کی تیاریاں عروج پر
لندن: شاہی شادی کی تقریب کی تیاری زور و شور سے جاری ہیں اور تقریب کو موسم بہار کے رنگ دینے کے لئے ویسٹ منسٹر ایبے میں خوبصورت اور دلکش نظر آنے والے درخت اور پودے لگائے جارہے ہیں۔
برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کی شادی کی تقریب کے لئے منتخب کئے گئے ویسٹ منسٹر ایبے کے نام سے مشہور کالج چرچ آف سینٹ پیٹرز کو سجانے سنوارنے کا کام جاری ہے۔
ویسٹ منسٹر ایبے میں چھ میٹر اونچے انگلش میپل کے درخت نصب کردیئے گئے ہیں، درخت فراہم کرنے والے اینڈریو ہاکس ورتھ کے مطابق برطانیہ میں پائے جانے والے یہ درخت انتہائی خوبصورت اور پرکشش ہوتے ہیں اور موسم بہار کی آمد کا اعلان کرتے ہیں تاہم اتنے بڑے درختوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا آسان نہ تھا۔
آدھے ٹن سے زائد وزنی اور بیس فٹ اونچے درختوں کو بڑے بڑے گملوں پر ویسٹ منسٹر ایبے میں استعمال پتھروں سے مماثل رنگ کیا گیا جس سے اس کی موجودگی اور بھی نمایاں ہوگئی ہے، حکام کے مطابق چھ انگلش میپل اور دیگر درخت گلوسٹر شائر میں پرنس آف ویلز کے گھر کے باہر بھی نصب کئے جائیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق سجاوٹ میں استعمال ہونیوالے پھول شاہی جوڑے کی خواہش پر چیریٹی کے لئے پیش کئے جائیں گے۔