تازہ ترین سرخیاں
 دلچسپ خبریں 
1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:10

پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ

اسلام آباد : وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے ایک تحریری بیان میں بتایا گیا کہ اس مرض پر قابو پانے کے لیے لوگوں کو تیزی سے رونما ہونے والی ثقافتی اور سماجی تبدیلوں، شہری آبادی میں اضافے، غذائیت کی تبدیلیوں، طبی سہولتوں اور غیر صحت مندانہ طرز زندگی سے متعلق اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔



ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک اہم وجہ آرام دہ طرزِ زندگی، ورزش نہ کرنا، سگریٹ پینا، چہل قدمی سے گریز اور موٹاپا ہے۔ ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے بہت ضروری ہے کہ ایک چاک و چوبند زندگی گزاری جائے اور زیادہ سے زیادہ وقت ورزش اور چہل قدمی کے لیے نکالا جائے۔ مزید یہ کہ مرغن اور چکنائی والے کھانے اور حد سے زیادہ میٹھا کھانا ذیابیطس ہونے کا باعث بنتے ہیں۔



بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے تمام اسپتالوں میں ذیابیطس کا مکمل علاج فراہم کیا جاتا ہے جہاں ماہرین غذائیت کی سہولیات بھی موجود ہیں جو اس مرض کے شکار افراد کو غذا سے متعلق معاونت فراہم کرتے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق سرکاری سطح کے علاوہ نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے بھی اسپتالوں میں ذیابیطس کے بارے میں سیمیناروں اور کانفرنسوں کے ذریعے اس مرض سے متعلق آگاہی پھیلائی جا رہی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.