1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:48
بچوں میں جسمانی سرگرمیوں کی کمی، صحت پر منفی اثرات
کراچی : بچے کھیل کود کو ترجیح دیں تو اس سے ان کی صحت بہتراور دماغ چست رہے گا۔ بچے جسمانی سرگرمیوں کی کمی کی وجہ سے عملی زندگی میں کند ذہن ثابت ہوتے ہیں۔
موجودہ دور کے پر آسائش طرزِ زندگی نے بڑھتی عمر کے بچوں کو ذہنی اور دماغی طور پر کمزور کر دیا ہے۔ تھوڑا سا کام کر کے وہ تھکاوٹ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اس کی اصل وجہ موبائل فون کا بے جا استعمال اور کمپیوٹر پر گیمز کھیلنا ہے۔
برطانیہ میں کی گئی ایک تحقیق میں دس سال کے بچوں کی عادات واطوارسے متعلق مواد کا جب انیس سو اٹھانوے اور دو ہزار آٹھ میں موازنہ کیا گیا تو ان بچوں کی جسمانی سرگرمیاں نہ ہونے کی وجہ سے پٹھے کمزور تھے اور ان میں فعالیت اور چستی کی کمی تھی۔ اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو زیادہ سے زیادہ جسمانی سرگرمیوں می مصروف رکھنے کی تلقین کریں۔