10 جون 2011
وقت اشاعت: 20:22
شہزادہ فلپ نے اپنی 90 ویں سالگرہ سادگی سے منائی
لندن : ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ نے جمعہ کو اپنی 90 ویں سالگرہ سادگی سے منائی۔ انہوں نے اپنی معمول کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ ایک استقبالیہ تقریب میں شرکت اور برطانوی فوج کے کرنیلوں کی کانفرنس کی صدارت کی۔
اس موقع پر وہ معمول کی طرح ہشاش بشاش لگ رہے تھے۔ برطانوی شاہی خاندان کی رہائش بکنگھم پیلس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہزادہ فلپ کو ان کی سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا اور دنیا بھر سے 2 ہزار کے قریب تہنیتی کارڈز موصول ہوئے۔ انہوں نے 1947ء میں ایلزبتھ سے شادی کی لیکن 1952ء میں اپنی اہلیہ کے ملکہ برطانیہ بن جانے کے باعث انہیں برطانوی بحریہ میں اپنے کیریئر کو خیرباد کہنا پڑا۔ برطانوی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اپنے کیریئر کو خیرباد کہنے پر انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن انہوں نے اس بات کو ذہن نشین کر لیا کہ ان کا سب سے اہم کام ملکہ کی معاونت کرنا تھا۔
شہزادہ فلپ اس وقت دنیا بھر میں موجود 800 کے لگ بھگ اداروں کے سرپرست ہیں۔ انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اب ان کی مصروفیات کم سے کم ہوں اور وہ باقی ماندہ زندگی بھرپور آرام و سکون سے گزار سکیں۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے شہزادہ فلپ کو ان کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی مبارکباد دی۔