6 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 17:31
ماورائے عقل واقعات کراچی اور پشاور میں بھی پیش آ چکے
کراچی.......ماورائے عقل واقعات اس سے پہلے کراچی اور پشاور میں بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔ چلاس میں جو کچھ ہوا اس کو عقل کی کسوٹی پر پرکھا جائے،تو یقین نہ آئے،پشاور میں بھی ایک ہفتے پہلے ایسا واقعہ پیش آیا جسے سن کر لوگوں نے دانتوں تلے انگلیاں دبالیں۔
تین سال پہلے متھرا کے علاقے سے ایک شخص غائب ہوا تو ایک ہفتے پہلے اس کی لاش گھر کے کنویں سے ملی،مقتول کے بہنوئی نے بیان دیا کہ نور محمد نے خواب میں آکر خود کو کنویں سے نکالنے کی درخواست کی۔ لاش برآمد ہوئی تو مقتول کے بیوی بچوں نے قتل کا اعتراف کرلیا،لیکن یہ گتھی نہ سلجھ سکی کہ واقعی نور محمد نے اپنے بہنوئی کے خواب میں آکر کچھ بتایا تھا یا اس نے کہانی بنائی۔
ایسا ہی ایک ڈرامہ گزشتہ ماہ کراچی کے دنبہ گوٹھ میں دیکھنے کو ملا،جہاں ایک خاتون منظوراں بی بی کے شوہر نے دعویٰ کیا کہ اس کی بیوی موت کے بعد نہ صرف دوبارہ زندہ ہوگئی،بلکہ بچے کی آوازیں نکالنے لگی۔
اس کہانی پر بچے تو شاید یقین کرلیں،لیکن عقل والے ضرور سوال اٹھائیں گے کہ جانے والے لوٹ کے نہیں آتے، تو کیا یہ پیری مریدی کے لیے اختیار کیا گیا کوئی ناٹک تھا یا اس کے پیچھے پیسے کمانے کا کوئی اور منصوبہ تھا۔