7 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 6:35
اب’ ’فیس بک‘‘ خلا میں بھی دستیاب ہوگی
کراچی......حافظ محمد نعمان......جی ہاں، اب’ ’فیس بک‘‘ خلا میں بھی دستیاب ہوگی۔ چونکئے نہیں،بات دراصل یہ ہے کہ ’’فیس بک‘‘ فرم ایک مصنوعی سیارہ تخلیق کرنے جارہی ہے جس کا مقصد افریقہ میں انٹرنیٹ کا جال بچھانا ہے۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ یہ سیٹیلائٹ یا مصنوعی سیارہ 2016 ءمیں لانچ کے لیے تیار ہوگا۔
برطانوی اخبار ”ڈیلی میل“ کا کہنا ہے کہ’ایموس۔6‘ نامی سیارہ فیس بک اور ایک فرانسیس فرم ”یوٹیل سیٹ“ کے تعاون سے تخلیق کیاجارہا ہے۔
مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ یہ سیارہ ”جیو اسٹیشنری مدار‘‘ میں چھوڑا جائے گا اور اس کے ذریعے مغربی، مشرقی اور جنوبی افریقہ کی کوریج کی جاسکے گی۔ مصنوعی سیارہ کمپنی کی مفت موبائل ڈیٹا اسکیم ’’انٹرنیٹ ڈاٹ او آر جی ‘‘ کا حصہ ہوگا۔
سیٹیلائٹ کی تخلیق،دنیا کو فیس بک کی مفت موبائل ڈیٹا اسکیم ’’انٹرنیٹ ڈاٹ او آر جی‘‘کے ذریعے ویب سے ملانے کا تازہ ترین قدم ہے لیکن اس تخلیق پر آن لائن حقوق کے گروپس کی جانب سے شدید تنقید کی گئی ہے۔۔۔
تاہم مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ ”ہم پوری دنیا سے رابطے استوار کرنے کیلئے کوشاں ہیں،غور کریں تو یہ اپنی زمین سے بہت آگے کی جانب دیکھنے والی بات ہے“۔