20 مئی 2016
وقت اشاعت: 21:17
وزیراعظم فیس بک پر لائیکس خریدتے ہیں
کراچی...جنگ ویب ڈیسک....کمبوڈیا کے وزیر اعظم کے فیس بک پیج کو پسند کرنے والوں کی تعداد تیس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جو اس ملک کے سیاستدان کےلئے ایک بڑی کامیابی سمجھا جارہاہے ،تاہم ان کے سیاسی حریف نے الزام لگایا ہے کہ وزیر اعظم کے فیس بک لائیکس جعلی ہیں، اور انہوں نے اس کےلئے رقم ادا کی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہن سین نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ وہ اپنے فیس بک پیج کے لیے جعلی ’لائیکس‘ حاصل کرتے ہیں۔یہ الزام ان کے سیاسی حریف نے ان پر لگایا تھا۔
جلا وطن سیاسی لیڈر سیم رینسے نے ہن سین پر الزام لگایا کہ وہ سرکاری افسران کو جعلی فیس بک اکاؤنٹس بنانے کا حکم دیتے ہیں اور اپنے فالورز کو بڑھانے کے لیے وہ بیرون ملک جعلی اکاؤنٹس بھی خریدتے ہیں۔
ہن سین نے ماضی میں مذاق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’ڈیجیٹل ڈائناسور‘ ہیں۔ستمبر سے اب تک ان کے فیس بک پیج پر 30 لاکھ لائیکس ہوئے ہیں جو کسی بھی سیاستدان کے لیے بہت بڑا فائدہ مند ہے۔
ان کے مقابلے میں سیم رینسے کے 23 لاکھ لائیکس ہیں۔ تاہم رینسے کا کہنا ہے کہ ان کے پیج کو لائیک کرنے والے افراد جعلی نہیں ہیں اور زیادہ تر افراد کمبوڈیا ہی میں رہائش پذیر ہیں جبکہ وزیر اعظم کے لائیکس جعلی اکاؤنٹس کے ہیں۔
یاد رہے کہ فیس بک پر لائیکس کا معاملہ بہت اہم ہے کیونکہ کمبوڈیا میں 2018 میں اگلے انتخابات ہیں اور ماضی میں نوجوان ووٹرز نے سیم رینسے کی جماعت کی حمایت کی تھی۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا کی حکومت کی فیس بک میں دلچسپی منافقانہ ہے۔ ایک ہفتے قبل کمبوڈیا کی یونیورسٹی کے ایک طالب علم کو 18 ماہ کی سزا اس وقت سنائی گئی جب اس نے فیس بک پر انقلاب لانے کی بات کی۔