27 ستمبر 2014
وقت اشاعت: 10:36
سوات میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد200سے تجاوز کرگئی
سوات.....سوات میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد200سے بھی تجاوز کرگئی ۔صوبائی حکومت نے تاحال انتظامیہ اور محکمہ صحت کو فنڈریلیز نہیں کیا ، جس کی وجہ سے ڈینگی مچھر کے خاتمے اور روک تھام میں شدید مشکلات درپیش ہیں ۔محکمہ صحت سوات کے ترجمان ڈاکٹر حیدرعلی کے مطابق سوات میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین بچوں سمیت مزید 4افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں ایک بچی کا تعلق شانگلہ کے علاقے شاہ پور سے ہے ،ترجمان کے مطابق متاثرہ مریضوں میں پچیس سال کا ارشادعلی ،تیرہ سال کی سپنا ر،چار سال کا دلداراورگیارہ سال کا اکرام شامل ہیں جنہیں سیدوشریف اسپتال کے خصوصی ڈینگی وارڈ میں داخل کرادیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق ضلع بھر میں اب تک202مریض ڈینگی وائرس سے متاثرہوچکے ہیں۔ترجمان کے مطابق ابھی تک کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی ہے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسپتال میں مزیدایک مریض صحت یاب ہونے کے بعد گھر کو رخصت کردیا گیا ہے اور اب تک185مریضوں کا ضلع کے اسپتالوں میں کامیاب علاج ہوچکا ہے۔