7 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:59
کراچی، پشاور، راولپنڈی،کوئٹہ کے سیوریج پانی میں پولیووائرس کی تصدیق
کراچی.........قومی ادارہ صحت کے ذرائع نے ملک کے چاربڑے شہروں کراچی، پشاور، راولپنڈی اورکوئٹہ کے گٹروں کے پانی میں پولیووائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے اورخدشہ ظاہرکیا ہے کہ کوئٹہ کے وائرس کو قابو نہ کیا گیا تو وہ پشین اور قلعہ عبداللہ سے ہوتے ہوئے افغانستان کوبھی متاثرکرسکتا ہے۔ قومی ادارہ صحت کے ان ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں خمیسوگوٹھ گڈاپ، دلف راولپنڈی، پشاورکے شاہین مسلم ٹاؤن اورکوئٹہ کے جامع سلفیہ کے علاقوں کے زیرزمین بہنے والے گٹروں کے پانی میں پولیو کے وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پشاورمیں صحت کے انصاف پروگرام کے بعد پہلی بارکسی علاقے میں پولیوکے وائرس کی موجودگی کے نشان ملے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پشاورمیں آئی ڈی پیزبچوں کی آمد کے ساتھ ہی یہ وائرس پشاورپہنچا ہے۔ دوسری جانب ان ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ کے جامع سلفیہ کے وائرس سے دومزید اضلاع پشین اورقلعہ عبداللہ کوخطرہ لاحق ہے اوراگراس وائرس پرقابونہ پایا گیا تویہ افغانستان کوبھی متاثرکرسکتا ہے۔