5 فروری 2013
وقت اشاعت: 11:0
نوکری سے برخاست ہونے والا سکیورٹی گارڈ کھمبے پر چڑھ گیا
اے آر وائی - لاہور میں نوکری سے برخاست ہونے والا سکیورٹی گارڈ احتجاجا کھمبے پر چڑھ گیا انتظامیہ نے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کراکر اسے نیچے تو اتارلیا تاہم بعد میں اسے اقدام خودکشی کے مقدمے کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔
لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے 10 سے زائد سکیورٹی گارڈز کو ملازمت سے فارغ کردیا۔ سکیورٹی گارڈ نواز نے یونیورسٹی انتظامیہ سے ملاقات کرکے نوکری کی بحالی کی منت سماجت کی تاہم انتظامیہ نے انکار کردیا جس کے بعد نواز احتجاجا کھمبے پر چڑھ گیا۔ تاہم شدید سردی کے باعث نواز کھمبے پر چڑھنے کے بعد نیم بے ہوش ہوگیا۔ اس کو بچانے کے لئے ایک اور سکیورٹی گارڈ صفدر کھمبے پر چڑھ گیا .
انتظامیہ کی جانب سے مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی کے بعد ریسکیو کی عملے کی مدد سے نواز کو نیچے اتارلیا گیا۔ کشمیر سے تعلق رکنے والے نواز کے مطابق وہ مجبور ہوکر کھمبے پر چڑھا تھا۔ اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے پرتشدد طریقہ اختیار کرنے کا رحجان بڑھتا جارہا ہے۔ اگر اس رحجان کو نہ روکا گیا تو کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔