6 فروری 2013
وقت اشاعت: 13:48
کراچی:ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے خلاف 8فروری کو ہڑتال کا اعلان
اے آر وائی - کراچی میں مفتی محمد عبدالمجید دین پوری سمیت دیگر علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ اور بڑھتی ہوئی بد امنی کے خلاف جامعہ علوم اسلامیہ کے علمائے کرام نے آٹھ فروری کو پر امن ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں اور علمائے کرام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں ۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ جمعے کے روز عوام رضا کارانہ طور پر اپنا کاروبار بند کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس کے علماء ، طلباء اور شہریوں کے قاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو ہڑتال کے بعد مرحلہ وار تحریک کا آغاز کیا جائے گا،جس میں دھرنے اور سڑکوں پر غیر معینہ مدت تک درس و تدریس کا سلسلہ بھی شامل ہو گا۔
اس موقع پر مولانا اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی سندھ آخر کب خواب غفلت سے جاگیں گے،جب ناجائز مطالبات کے لیے دھرنے دئیے جاسکتے ہیں تو پھر انصاف کے حصول کے لیے دھرنے کیوں نہیں دئیے جا سکتے۔