7 فروری 2013
وقت اشاعت: 16:7
فرسودہ نظام نے ملک کوغریب اورامیر میں تقسیم کردیا،شہباز شریف
اے آر وائی - وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سات سال تک قوم کو بے یارومددگار چھوڑ کر امریکہ اور کینیڈا کے برفانی موسموں کا لطف اُٹھانے والے طاہر القادری کو بھی ملک و قوم کی یاد آگئی ہے۔ اب ہم ہی قوم کو زر بابا اور چالیس چوروں سے نجات دلائیں گے۔
میانوالی میں ہرنولی کے مقام پر دانش پبلک سکول کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فرسودہ نظام نے ملک کو غریب اور امیر کے دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ انصاف، دھونس، دھاندلی اور روپیے پیسے کے عوض خریدا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ ن نے عوامی خدمت کو نہ صرف اپنا منشور بنایا ہے بلکہ ہمارے لئے عوامی خدمت عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔ دانش سکول جیسے عظیم الشان منصوبے قوم کو فکری اور شعوری انقلاب سے روشناس کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج مےانوالی کو بہاولپور جنوبی پنجاب کے صوبے میں دھکیلنے والے آصف علی زرداری سیلاب کے دنوں میں میانوالی اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ڈوبتا چھوڑ کر فرانس چلے گئے تھے۔ زربابا اور چالیس چوروں نے رینٹل پاور میں کرپشن کی۔ اوگرا میں اسی ارب روپیے کا ڈاکہ ڈالا، پنجاب بنک لوٹا، حاجیوں کی جیبیں خالی کیں۔ ہم نے پنجاب میں خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا۔ ہم ہی قوم کو زر بابا اور چالیس چوروں سے نجات دلائیں گے۔