8 فروری 2013
وقت اشاعت: 10:5
دس روز میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کیا جائے،عدالت
اے آر وائی - سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کو حکم دیا ہے کہ دس روز میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ میں ارکان سندھ اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی تقرری نہ ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔ سماعت جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔
عدالت میں ایڈوکیٹ جنرل سندھ کی جانب سے ایک ہفتے کی مہلت طلب کی گئی جس پر عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی کو حکم دیا ہے کہ دس روز میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے اپوزیشن لیڈر کیلئے نصرت سحر عباسی کو نامزد کیا تھا۔