2 اپریل 2011
وقت اشاعت: 22:2
اسلام آباد میں ڈرائیونگ لائسنس سروس کاافتتاح
اے آر وائی - اسلام آباد : اسلام آباد ٹریفک پولیس نے دو ماہ کے بعد ٹریفک ڈرائیونگ لائسنس سروس کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔ جس کے تحت نئے شیڈول کے مطابق مختلف کٹیگری کے لائسنس کی فیس جمع کروانے اور لائسنس کے حصول کے طریقہ کار میں تبدیلی لائی گئی ہے۔
آئی جی اسلام آبادواجد علی درانی نے با قاعدہ اس سروس کا دوبارہ شروع کرنے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک ڈاکٹر معین مسعود اور ایس پی ٹریفک میر واعظ نیاز اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ نئے سسٹم کے تحت لوگوں کو سہولیات مہیا کرنے کی بھر پور کوشش کی گئی ہے اور سسٹم میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔ ا
نہوں نے کہا کہ خام مال کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے لائسنس کی فیس میں معمولی سو روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب لائسنس فیس نیشنل بنک آف پاکستان کی کسی بھی برانچ میں جمع کروائی جا سکتی ہے جبکہ نیشنل بنک کے عہدے داران کے ساتھ فیس جمع کرنے کے لیے ٹریفک آفس میں خصوصی بوتھ قائم کرنے کے لیے بات چیت کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل ، موٹر کار جیپ، ایل ٹی وی , ایچ ٹی وی کے نئے لرنر کے فیس 200روپے ہو گی اور یہ چھے ماہ کے لیے کار آمد ہو گا جبکہ اسی کٹیگریز کے نئے لائسنس کے فیس 600روپے اور نادرا سے شناختی کارڈ کی ویری فیکیشن فیس 25روپے ہو گی۔ اسی طرح ڈرائیونگ لائسنس کی تجدیدی فیس ایک ماہ کے اند راندر 500روپے ہوگی اور لرنر کی تجدیدی فیس 100ہوگی۔