تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
6 اپریل 2011
وقت اشاعت: 17:46

عوامی نیشنل پارٹی کاسندھ حکومت سے علیحدگی پر غور

اے آر وائی - کراچی: عوامی نیشنل پارٹی نے سندھ حکومت سے علحدگی پر غور شروع کردیا ہے۔ اے این پی کے ترجمان کےمطابق صوبائی حکومت اے این پی کی ترقیاتی اسکیموں کو نظرانداز کر رہی ہے، جس کے باعث اس کے نمائندوں کا اپنے علاقوں میں جانا دشوار ہوگیا ہے۔



باچا خان مرکز سے جاری کئے گئے بیان میں عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے ارباب اختیار عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے پیش کی گئی اسکیموں پر توجہ نہیں دے رہے۔



ان کے مطابق شہر کے پختون علاقوں میں شہری حکومت نے گذشتہ کئی سال سے ترقیاتی کام روکے ہوئے ہیں۔ جبکہ صوبائی حکومت نے سٹی گورنمنٹ کے اس رویہ پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔



اس صورتحال کے باعث آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ اس ضمن میں سندھ اسمبلی کے تمام اجلاسوں سے بائیکاٹ اور صوبائی حکومت سے علحدگی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.