7 اپریل 2011
وقت اشاعت: 21:36
بھٹ گیس فیلڈکی بندش،کراچی میں14گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کااعلان
اے آر وائی - کراچی : کراچی الیکٹر ک سپلائی کمپنی نے بھٹ گیس فیلڈکی بندش کے باعث شہرمیں چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا اعلان کردیا ہے ۔ کے ای ایس سی کا کہنا ہے اگر گیس کی سپلائی میں کمی ہوئی تو انڈسٹریز کی لوڈ شیڈنگ بھی بارہ گھنٹے تک پہنچ سکتی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف فنانشل آفیسر طیب ترین کا کہنا تھا کہ بھٹ گیس فیلڈ مرمت کے باعث بند ہونے سے گیس کی سپلائی 80 کروڑمکعب کیوبک فٹ رہ جائے گی جس کے باعث کراچی میں چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی ۔ اس وقت انڈسٹریز لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں تاہم اگر گیس فیلڈ سے فراہمی کم ہوجاتی ہے تو انڈسٹریز کی لوڈ شیڈنگ بھی بارہ گھنٹے تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرنس آئل سے بننے والی بجلی گیس کے مقابلے تین اعشاریہ سات گنا مہنگی پڑتی ہے ۔ گزشتہ پانچ برسوں میں پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی تینتالیس فیصد سے کم کر کے اٹھائیس عشاریہ سات فیصد پر آگئی ہے ۔