1 جون 2011
وقت اشاعت: 12:28
کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے سنگین رخ اختیارکرلیا
اے آر وائی - کوئٹہ: کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال نے سنگین رخ اختیار کرلیا ہے شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں کے اوپی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز بند ہونے کی وجہ سے اسپتال ویران پڑے ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے ایک سو چھبیس ڈاکٹروں کی برطرفی اور نئے ڈاکٹرز کو چارج سنبھالنے کے احکامات نے صورتحال کو مزید گھمبیر بنادیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نئے ڈاکٹرز بھی چارج نہ سنبھال سکے۔
صوبائی حکومت نے محکمہ صحت سے متعلق نیا کوڈ آف کنڈکٹ تیار کرلیا جس کے تحت ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے دیگراہلکاروں کو برطرف کئے جانے کے علاوہ تین سال تک سزا بھی دی جاسکے گی۔ اس صورتحال میں ڈاکٹرز کی جگہ ڈسپنسرز نے لے لی ہے۔
سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس، فاطمہ جناح اسپتال اور بے نظیر شہید اسپتال میں آنے والے سینکڑوں مریضوں کو واپس لوٹنا پڑرہا ہے۔ مریضوں نے صوبائی حکومت سے اس بارے میں سنجیدہ اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔