3 جون 2011
وقت اشاعت: 13:51
کراچی :ہڑتال کی آڑ میں بے گناہ شہری قتل کیے گئے ،ایم کیوایم
اے آر وائی - کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پرتشدد ہڑتال کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں قتل وغارتگری ، دہشت گردی ، جلاوٴ گھیراوٴ ،جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش اور استعمال کے ذریعہ شہر بھر میں خوف ودہشت کا بازار گرم کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے عوام کی مسترد کردہ لسانی، سیاسی ومذہبی جماعتوں کے دہشت گردوں نے جمعرات کی شام سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے جوانوں سمیت متعدد بے گناہ شہریوں کو قتل کردیا،گاڑیوں میں سوار مسافروں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر لوٹا گیا ۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے اقدامات کرنے والے کے ای ایس سی کے ملازمین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر انہیں فالٹ دور کرنے سے بھی روکا گیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کا امن غارت کرنے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے ۔