3 جون 2011
وقت اشاعت: 16:21
صوبوں کو منتقل کی گئی وزارتوں کیلئے بجٹ میں ایک پیسہ نہیں
اے آر وائی - اسلام آباد: آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں اٹھارویں ترمیم کے تحت تحلیل ہونے والی 15وزارتوں کیلئے پی ایس ڈی پی میں ایک پیسہ رقم مختص نہیں کی گئی ۔
بجٹ دستاویز کے مطابق گزشتہ سال اٹھارہویں ترمیم کی زد میں نہ آنے والی ان 15وزارتوں کیلئے پی ایس ڈی پی میں 21ارب 77کروڑ 76لاکھ روپے مختص کئے گئے تھے تاہم ان 15وزارتوں کی صوبوں کو منتقلی کے بعد آئندہ مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں ان کیلئے کوئی فنڈز مختص نہیں کئے گئے ۔
ان 15وزارتوں میں ہیلتھ ڈویژن ، وزارت خوراک وزراعت ، ایجوکیشن ڈویژن ، پاپولیشن ویلفیئر ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ، ماحولیات ، خصوصی اقدامات ڈویژن ، ترقی خواتین ڈویژن ، سوشل ویلفیئر و خصوصی تعلیم ، محنت و افرادی قوت لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ، سیاحت ، کلچر ، کھیل اور امور نوجوانان کے ڈویژن شامل ہیں ۔