5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:12
کے ڈبلیو ایس بی کے ایم ڈی نے چارج دوبارہ سنبھال لیا
اے آر وائی - سینئر انجینئر مصباح الدین فرید نے آج مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کا چارج دوبارہ سنبھال لیا اور اپنی منصبی ذمہ داریوں کی انجام دہی شروع کردی۔
وہ دوروز قبل اس عہدے سے دستبردار ہوکر گھر چلے گئے تھے اور اپنی مراعات واپس کر دی تھیں تاہم انہیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے گورنر ہاؤس میں طلب کرکے ان پر زور دیا کہ ان کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہے ۔ ترجمان واٹر بورڈ کے مطابق اسی طرح صوبائی حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی اور چیف سیکریٹری سندھ نے اس معاملے میں مداخلت کی۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مصباح الدین فرید سے رابطہ کیا گیا اور ان سے واٹر بورڈ کے معاملات اور ایم ڈی کے عہدے سے دستبرداری کا سبب بننے والے تحفظات معلوم کئے گئے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے واٹر بورڈ کی مالی و انتظامی اور خصوصا کے ای ایس سی کی جانب سے آبرسانی کی تنصیبات اور نظام کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کئے جانے سمیت ان کے موقف کی حمایت کی گئی اور انہیں ایم ڈی واٹر بورڈ کے عہدے پر کام جاری رکھنے کا حکم دیا گیا جس کے بعد مصباح الدین فرید نے اس عہدے پر کام دوبارہ شروع کردیا ہے۔