21 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 5:27
کراچی: پہلی بار خاکے کی مدد سے ملزم کی گرفتاری
اے آر وائی - کراچی پولیس نے پہلی دفعہ کسی ملزم کے خاکے کی مدد سے اسے اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرکے چھینے گئے اسلحے سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل عاصم قائم خانی نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ قبل سخی حسن کے قریب واقع پیٹرول پمپ پر موجود پولیس اہلکار سے اس کی سرکاری ایس ایم جی چھین لی گئی تھی جس کے ملزم کا خاکہ تیار کیا گیا تھا اور اس خاکے کی مدد سے پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر سرکاری ایس ایم جی سمیت دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان زیادہ تر اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔