29 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 16:51
شجاع آباد: قاری کے تشدد سے بچی ہلاک، دوسری لاپتہ
اے آر وائی - شجاع آبادمیں تعلیم کا جھانسہ دے کر نابینا شخص کی نوسالہ بیٹی کو تشدد کرکے ہلاک کر دیا گیا، جبکہ دوسری بیٹی لاپتہ ہے، اہل علاقہ کی مداخلت پر ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
شجاع آباد کے نواحی علاقہ بستی حسن آباد کے رہائشی نابینا محمد ابراہیم اپنی چار بیٹیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہے، آٹھ ماہ قبل پڑوسی قاری ریاض ، ابراہیم کو تعلیم اور تمام اخراجات کا جھانسہ دے کر دو معصوم بچیوں 12 سالہ مسرت اور 9 سالہ صائمہ کو اپنے ساتھ لے گیا اور گزشتہ شب لاہور سے 9 سالہ صائمہ کی لاش لے کر نابینا والد کے پاس پہنچا۔
اہل علاقہ نے معصوم بچی کی تشدد زدہ لاش دیکھ کر قاری ریاض کو پولیس کے حوالے کردیا۔ ملزم 12 سالہ مسرت کے بارے میں بھی کوئی واضح جواب نہیں دے رہا۔ ذرائع کے مطابق قاری لاہور میں امام مسجد ہے اور لوگوں کی معصوم بچیو ں کو پڑھانے کا جھانسہ دے کر لاہور لے جاتا ہے وہاں ان سے گھروں میں کام کرواتا ہے۔تشدد سے ہلاک ہونے والی 9 سالہ صائمہ بھی ڈیفنس میں کسی انجینئر کے گھر ملازمہ تھی جہاں دوران تشدد وہ ہلاک ہو گئی۔