2 نومبر 2011
وقت اشاعت: 16:56
کراچی : ڈیفنس کے بنگلوں کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے خط
اے آر وائی - کراچی میں ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی نے اہم شخصیات کے بنگلوں کے باہر سے رکاوٹیں ہٹانے کیلئے پولیس کو خط لکھا ہے۔ پولیس کو لکھے جانے والے خط کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔
ڈی ایچ اے حکام کی جانب سے پولیس کو رکاوٹیں ہٹانے کیلئے جو خط لکھا گیا ہے اس میں پانچ بنگلوں کے پتہ موجود ہیں جنہوں نے شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں۔ اس میں سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقارمرزا ، سعودی قونصلیٹ شامل ہیں۔ خط میں لکھا ہے کہ ڈی ایچ اے کی جانب سے دی جانے والی مہلت ستائیس اکتوبر کو ختم ہوگئی ہے۔ اب یہ رکاوٹیں ہٹوائی جائیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق جن مقامات کا خط میں ترکرہ کرکے رکاوٹیں ہٹانے کا کہا گیا ہے کہ وہاں اعلیٰ حکام نے خود پولیس کی مدد سے رکاوٹیں کھڑی کروائی ہیں اور اعلیٰ حکام رکاوٹیں اٹھانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ جس پر پولیس کی جانب سے رینجرز سے بھی مدد طلب کی گئی ہے کہ رکاوٹیں ہٹانے میں نفری فراہم کی جائے۔