18 نومبر 2011
وقت اشاعت: 13:59
میٹرک انٹر نتائج بے ضابطگیاں:جوڈیشل کمیشن کا اجلاس
اے آر وائی - میٹرک اور انٹر کے نتائج میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 21 نومبر تک ملتوی کردیا گیا، ڈی سی او لاہور احد چیمہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے آئی ٹی کنسلٹنٹ کو تعینات نہیں کیا۔ کمیشن نے آئندہ سماعت پر ماجد نعیم کو بھی طلب کرلیا۔
لاہور میں سماعت کے دوران جسٹس شاہد سعید نے کہا کہ ماجد نعیم کی تعیناتی کا نہ کوئی نوٹی فکیشن جاری کیا گیا نہ ہی اتنی بڑی آسامی کے لئے اشتہار دیا گیا، ہر طرف ماجد نعیم کے خلاف شکایات تھیں، تو اسے کس نے تعینات کیا، احد چیمہ نے کہا کہ سابق چیئرمین لاہور بورڈ اکرم قریشی نے ماجد نعیم کو متعارف کرایا، حکومت تعلیمی بورڈز کے انتظامی معاملات میں مداخلت نہیں کرتی، تعیناتی سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ ماجد نعیم کی تقرری کے بعد آپ نے واضح طور پر بورڈز کو پابند کردیا کہ پرانا طریقہ کار ختم کردیں، ایک ایسے شخص کے ہاتھوں میں طلبا کا مستقبل دے دیا گیا جس پر پہلے سے ہی کئی الزامات ہیں، جسٹس شاہد سعید نے احد چیمہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک لیٹر کے ذریعے بورڈز کے حکام کو آن لائن سسٹم میں رکاوٹ نہ ڈالنے کے لئے دھمکیاں دیں تھیں۔
اس موقع پر کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا طلبا احتجاج میں سیاست کا عنصر بھی شامل تھا؟ جس پر احد چیمہ نے کہا کہ طلبا احتجاج میں سیاسی مداخلت ہوئی، ایک جماعت نے تو پریس کانفرنس بھی کی۔ کمیشن نے سماعت 21 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے ڈاکٹر ماجد نعیم کو طلب کرلیا۔