18 نومبر 2011
وقت اشاعت: 14:0
قصور: اسی سالہ بزرگ خاتون پر بھتہ خوری کے مقدمے درج
اے آر وائی - قصور کی رہائشی80 سالہ ظہور بی بی نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی کہ ضلع قصور کے 2 سابق ناظمین اور تھانہ سٹی کا ایس ایچ او معظم اس کی لاکھوں روپے کی جائیداد پر قبضہ کرنا چاہتا ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف ضعیف العمری میں بھی رکشہ ڈرائیوروں سے بھتہ خوری کے مقدمے درج کردئیے گئے۔ لہذا عدالت مقدمہ خارج کرنے کا حکم دے۔
عدالتی سماعت کے موقع پر ظہور بی بی نے روتے ہوئے اپنی فریاد سنائی کہ نہ صرف ان کے خلاف ناجائز مقدمے درج کئے گئے بلکہ ایس ایچ او معظم اور دیگر ملزمان انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔ عدالت حاضری کے موقع پر بھی انہیں دھکے اور گالیاں دی جاتی ہیں۔ ظہور بی بی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور وزیراعلیٰ پنجاب سے دادرسی کی استدعا کی ہے۔