9 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 6:33
اوکاڑہ: ٹیچر کے مبینہ تشدد سے چھ سالہ بچہ جاں بحق
اے آر وائی - اساتذہ مار نہیں پیار کے بجائے پیار نہیں مار کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہوچکے ہیں اور ٹیچرز کا بچوں پر تشدد معمول بن چکا ہے۔ ایسا ہی ظالمانہ فعل ہوا اوکاڑہ کے اسکول میں جہاں ٹیچر کے تشدد سے چھ سالہ علی حیدر جاںبحق ہوگیا۔
تشدد سے جاں بحق ہونے والےبچے کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کا بچہ انتہائی کمزور تھا جو ٹیچر کا تشدد برداشت نہیں کر سکا جبکہ اسکول کے وائس پرنسپل کا کہنا ہے کہ بچہ کلاس میں بیٹھے بیٹھے بے ہوش ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال لے جا یا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا اور ڈاکٹرز کے مطابق بچہ دل کے عارضے میں مبتلا تھا۔
دوسری جانب بچے کے والد نے کہا ہے کہ علی حیدر کو دل کا عارضہ نہیں تھا۔ پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور اصل حقائق کا علم میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد ہوسکے گا۔