11 دسمبر 2011
وقت اشاعت: 5:44
کراچی: جھونپڑیوں میں آتشزدگی،30سے زائد جل کرخاکستر
اے آر وائی - کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جھونپڑیوں میں آگ لگ گئی ۔آگ سے تیس سے زائد جھونپڑیاں جل گئیں۔ درجنوں خاندانوں کے سروں سے عارضی چھت بھی چھن گئی ۔
گلشن اقبال کے بلاک تیرہ میں رات گئے جھونپڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں جھونپڑیوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ جھونپڑیوں میں لاکھوں روپے کا سامان بھی جل گیا۔
اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی پانچ گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا۔ یہ جھونپڑیاں ریلوے کی زمین پر قائم ہیں۔ گلشن اقبال کے بلاک تیرہ میں پہلے بھی آتشزدگی ہوچکی ہے۔ رکن سندھ اسمبلی نے آگ سے متاثر ہونے والے افراد کو متبادل جگہ فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔