2 جنوری 2012
وقت اشاعت: 11:48
سندھ اسمبلی: بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت کی قرارداد منظور
اے آر وائی - سندھ اسمبلی نے بے نظیر بھٹو کو قائد جمہوریت قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنے کی متفقہ قرار داد اورسندھ موشن پکچرز بل دوہزار گیارہ اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔
اسپیکر نثارکھوڑو کی صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیر اطلاعات شازیہ مری اور دیگر کی قرارداد پر ارکان نے بے نظیرکے قاتلوں کو گرفتاری اور قرار واقعی سزا دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قرارداد پر تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس صدی یا اگلی صدی میں بے نظیر بھٹو جیسی رہنما کی مثال نہیں ملے گی۔ وقفہ سوالات کے دوران صوبائی وزیر جیل ایاز سومرو نے بتا یا کہ جیلوں میں موبائل فون کی روک تھا م کیلئے پی سی او لگادئیے گئے ہیں اور ان کی ریکارڈنگ ہوتی ہے۔ نئی عدالتی پالیسی سے قیدیوں کی تعداد میں واضح کمی ہوئی۔ بعد ازاں اجلاس منگل کی صبح تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔