7 فروری 2012
وقت اشاعت: 13:42
سکھر،قبائلی دشمنی نے تین طالبعلموں کی جان لے لی
اے آر وائی - سکھر کے علاقے پنو عاقل میں قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے جس میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر تین معصوم بچوں کی جان لے لی۔
مہر برادری سے تعلق رکھنے والے یہ بچے حصول تعلیم کی غرض سے قریبی گاؤں سے شہر میں کرائے کے ایک مکان میں رہائش پذیر تھے۔ اس واقعے میں دو سگے بھائی بھی زندگی ہار گئے۔
عبدالطیف نویں جماعت اور عرفان چھٹی جماعت کے طالب علم تھے، جبکہ ان کا ایک کزن ممتاز علی بھی جان سے گیا جو پانچویں جماعت میں زیر تعلیم تھا۔ یہ واقعہ دیرینہ قبائلی دشمنی کے باعث پیش آیا جس میں اب تک کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سن دو ہزار میں چاچڑ برادری کے گل میر چاچڑ کو قتل کر دیا گیا تھا جس کا الزام مہر برادری پر آیا اور آج علی الصبح مہر برادری کے تین کمسن بچے اس قبائلی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے جو حصول تعلیم کے لیئے گھر سے دور شہر میں مقیم تھے اور اسکول جانے کی تیاریاں کر رہے تھے۔