7 فروری 2012
وقت اشاعت: 23:34
کراچی :فائرنگ سے چار افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی کے مختلف علاقوں میں آج نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ پولیس اور سرکاری اسپتالوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پیرآباد کے علاقے میں نواحی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے افسر خان نامی شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ جمشید کوارٹر کے علاقے فلمستانی سینما کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے پچیس سالہ گل زمان جاں بحق ہوا جبکہ نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اٹھائیس سالہ نعمان جاں بحق اور ایک بچہ گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوگیا۔ سرجانی ٹاؤن سیکٹر ایل ون میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چالیس سالہ محمد اصغر شدید زخمی ہوا جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا پولیس نے رپورٹ درج کرکے واقعات کی تحقیقات شروع کرد ی ہے۔