1 جون 2011
وقت اشاعت: 18:0
فلم دم مارودم، گیارہ کروڑ کا بزنس کر کے باکس آفس پر چھا گئی
اے آر وائی - ممبئی : بالی ووڈ میں کرکٹ ورلڈ کپ اور آئی پی ایل کی وجہ سے فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوتی رہی ہیں لیکن فلم دم مارو دم کئی تنازعوں کے باوجود سال کی پہلی کامیاب فلم قرار دی جارہی ہے جس نے ریلیز کے پہلے ہی دن گیارہ کرو ڑ کا بزنس کرلیا۔
کامیابی اور شہرت کا خواب آنکھوں میں لیے بالی ووڈ اسٹارز جب اپنی میگا بجٹ فلمیں لئے نئے سال میں داخل ہوئے تھے تو انہیں یقین تھا کہ فلمیں ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر چھا جائیں گی لیکن افسوس کہ ورلڈ کپ اور آئی پی ایل نے ان کے خواب چکنا چور کردیئے۔
سال کا آغاز رانی مکھرجی کی فلم نو ون کلڈ جیسیکا سے ہوا جس نے کامیابی حاصل نہ کی۔ پھر بالی ووڈ کھلاڑی اکشے کمار کی فلم پٹیالہ ہائوس بھی بےجان کہانی اور اداکاری سے پٹ گئی ۔۔پچھلے سال کی کامیاب ترین اداکارہ پریانکا کی فلم سات خون معاف سات کروڑ تک کا بزنس بھی نہ کرپائی۔
کامیابی کے دعوے دار ابھیشک بچن اس سال بھی کوئی کارنامہ نہ کرپائے اور ان کی فلم گیم بھی فلموں کی ریس میں ہار گئی لیکن ان سب سے بازی لے گئی وہ فلم جس کے تنازعوں کا سن کر یہی خیال کیا جارہا تھا کہ فلم کا دم اب نکلا کہ تب نکلا۔ جی ہاں بات ہورہی ہے فلم دم مارو دم کی جس کے نام ہی مسائل کا آغاز ہوگیا ۔
گوا کی خواتین اور صحافیوں سے لے کر اینٹی نارکوٹک فورس تک نے اس کی ریلیز پر پابندی عائد کرنے کی ہزارناکام کوششیں کیں ۔لیکن ان تنازعوں نے فلم کو اور مقبول کردیا ۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن گیارہ کروڑ کا بزنس کرکے باکس آفس پر اپنی حکمرانی قائم کردی۔۔