تازہ ترین سرخیاں
 شوبز 
8 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 10:3

استاد غلام علی کا ممبئی میں کانسرٹ منسوخ کرکے دہلی میں کرنے کی پیشکش

جیو نیوز - نئی دہلی........بھارتی سرکارہندو انتہاپسند تنظیم شیوسینا کی دھمکی کے آگے ہارمان گئی۔ پاکستانی لیجنڈ استاد غلام علی کا ممبئی میں کانسرٹ منسوخ کرکے دہلی میں کرنے کی پیشکش کردی ۔

ہندو انتہاپسند تنظیم شیوسینا کے سینے میں پاکستان کے خلاف لگی آگ کسی طرح ٹھنڈی ہونے کا نام نہیں لے رہی ،پاکستانی لیجنڈ استاد غلام علی کا ممبئی میں کانسرٹ زبردستی منسوخ کرا دیا۔یہ کانسرٹ نو اکتوبر کو جگجیت سنگھ کی یاد میں منعقد کیا جارہا تھا۔

بھارتی حکومت شیوسینا پر تو دباؤ نہ ڈال سکی،لیکن اس کی دھمکی کے آگے ہتھیار ضرور ڈال دیئے، استاد غلام علی کو ممبئی کے بجائے ،دلی میں کانسرٹ کرنے کی پیشکش کردی ۔

شیو سینا کی اس تنگ نظری پر استاد غلام علی صدمے میں ہیں،کہتے ہیں وہ اپنے بھائی جیسے جگجیت سنگھ کے لئے کنسرٹ کر رہےتھے،انہیں شیوسینا کی حرکت پر کوئی غصہ نہیں لیکن افسوس ضرور ہوا ہے۔

ادھر بھارت میں پاکستان کےہائی کمشنر عبد الباسط نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کی ہے،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بھی بھارتی فنکار آتے ہیں اور اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن ان کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا بلکہ پاکستان ان کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

اس سے قبل بھی شیو سینا نے پاکستانی گلوکارعاطف اسلم کو پونے میں کنسرٹ نہ کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد ان کا کنسرٹ منسوخ کردیا گیا تھا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.