10 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 10:59
بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی کیلئے دو اہم اعزازات
جیو نیوز - کراچی......مشتاق احمد سبحانی......بھارتی فلمی صنعت کے با صلاحیت اداکار نوازالدین صدیقی ،سلمان خان اور شاہ رخ خان جیسے سپر اسٹارزکے بعد اب میگا اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی نئی فلم میں نظر آئیں گے۔نواز اس بات پر انتہائی مسرور ہیں کہ انہیں امیتابھ بچن جیسے بڑے اداکار کے ساتھ اداکاری کا موقع مل رہا ہے۔
خبریں گردش کررہی ہیں کہ نوازکو خود امیتابھ کے اصرار پر اس فلم میں کاسٹ کیا گیا ہے جس پر 41سالہ اداکار نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ وہ بے حد خوش نصیب ہیں کہ انہیں امیتابھ جیسے لیجنڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھاکہ امیتابھ ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے پر اصرار کریں گے۔
نوازالدین کو دوسرا اہم اعزازیہ حاصل ہوا کہ انہیں مشہور بھارتی کمپنی مایور سوٹنگز نے بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی جگہ اپنا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا ہے۔سلمان کی جگہ لینے کی کوئی مناسب وجہ تو سامنے نہیں آئی تاہم سپر اسٹار سلمان کی جگہ لینا نوازالدین کے لیے بڑی کامیابی ہے۔
نوازالدین صدیقی کو اب بالی وڈ میں ممتاز مقام حاصل ہوچکا ہے۔اس کے لئے انہیں بارہ سال تک طویل جدوجہد کرنا پڑی۔ اپنے کیرئیر کے ابتدائی دور میں ان کی کارکردگی نظرانداز کی جاتی رہی مگر اب دنیا کے بڑے بڑے فنکاروں کے ساتھ نظر آنے کے باوجود ان کی اداکاری کو بیحدسراہا جاتا ہے۔
سن1974ء کو یو پی کے ضلع مظفرنگر کے ایک گاؤں بدھانہ میں پیدا ہونے والے نوازالدین کا تعلق ایک مسلمان زراعت پیشہ خاندان سے تھا۔ وہ سات بھائیوں اور دو بہنوں میں سب سے بڑے ہیں۔ ہری دوار سے کیمسٹری میں گریجویشن کرنے کے بعد کچھ عرصہ ایک پٹرو کیمیکل کمپنی میں بطور کیمسٹ کام کیا پھر بہتر روزگار کی تلاش میں دہلی گئے۔ وہاں ایک ڈرامہ دیکھنے کے بعد انہیں اداکاری سیکھنے کا شوق ہوگیا اور انہوں نے نئی دہلی کے نیشنل اسکول آف ڈرامہ سے 1996ء میں گریجویشن کیا۔ پھر قسمت آزمائی کے لئے ممبئی گئے۔
ممبئی میں پہلے تو نواز ٹی وی پر ڈرامہ سیریلز میں کام کے حصول کے لئے تگ و دو کرتے رہے مگر کوئی خاص کامیابی نہیں ملی۔ پھر فلموں میں اداکاری کی کوشش کرتے رہے۔آخر کار 1999ء میں فلم ”سرفروش“ میں ایک چھوٹے سے کردار سے اپنا فلمی کیرئیر شروع کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کے بعد کافی عرصہ تک وہ فلموں میں معمولی کردار ادا کرتے رہے۔
2003ء میں نوازصدیقی نے ایک مختصر فلم ”دی بائی پاس“میں اداکار عرفان خان کے ساتھ کام کیا۔پھر کچھ عرصہ بے کار ی میں گزراتاہم 2007ء میں انوراگ کرشیپ کی فلم ”بلیک فرائیڈے“ نے ان کے لئے جان دار کرداروں کے لئے راہ ہموار کی۔انہوں نے پہلا مرکزی کردار فلم ”پتنگ“میں ادا کیا۔یہ فلم برلن انٹرنیشنل فلم فیسٹول اور ٹرائی بیکا فلم فیسٹول میں دکھائی گئی جہاں بڑے نقّادوں نے نوازالدین کی فطری اداکاری کو بے حدسراہا۔پھر فلم ”نیو یارک“میں ان کی جان دار اداکاری نے بھی ناقدین و شائقین کی توجہ حاصل کی۔
2010ء میں نواز نے فلم ”پیپلی لائیو“میں ایک صحافی کا کردار نہایت خوبصورتی سے ادا کیا اور اداکاری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے۔پھر 2012ء میں فلم ”کہانی“ ریلیز ہوئی جس میں انہوں نے ایک جذباتی انٹیلی جنس افسر کا کردار مہارت سے ادا کیا۔ اس کے بعد ”گینگز آف واسع پور“ میں ان کی اداکاری نے ان کی مقبولیت میں اور اضافہ کردیا۔پھران کی فلم ”مِس لَولی “ آئی۔ اس فلم کو 2012ء کے کانز فلم فیسٹول میں دکھایا گیا جہاں نوازالدین کی اداکاری کو ’اب تک کی سب سے زیادہ حقیقی کارکردگی‘ قرار دیا گیا۔بعد میں انہوں نے اس فلم کے سیکوئل میں بھی کام کیا۔
2012ء ہی میں وہ عامر خان کی فلم ”تلاش“میں آئے۔ اگلے سال ان کی ایک ہارر مووی”آتما“ نمائش کے لئے پیش ہوئی جس میں ان کا مرکزی کردار تھا۔رواں سال کے دوران نواز کی دو فلمیں ”بجرنگی بھائی جان“ اور ”مانجھی:دی ماوٴنٹین مین“ریلیز ہوئیں اور دونوں میں ان کی اداکاری پسند کی گئی۔ خاص طور پر ”بجرنگی بھائی جان“میں انہوں نے ایک پاکستانی صحافی کا کردار اس خوبی سے ادا کیاکہ سرحد کے دونوں پار اسے بے حد پذیرائی ملی۔
ان دنوں نوازالدین شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ”رئیس “ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ، وہ اس فلم میں پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ان دونوں کے ہمراہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔
حال ہی میں فلم”حرام خور“میں ان کی اد اکاری پر انہیں نیو یارک انڈین فلم فیسٹول میں بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔نواز بھارت میں بھی فلم ”تلاش“میں بہترین معاون اداکار کا اسکرین ایوارڈاور زی سنے یوارڈ، اور ”گینگز آف واسع پور“میں بہترین معاون اداکار کا اسٹار ڈسٹ ایوارڈوصول کر چکے ہیں۔2012ء میں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں انہیں اسپیشل جیوری ایوارڈ دیا گیا۔