23 اکتوبر 2015
وقت اشاعت: 17:32
پاکستانی فنکاروںکیخلاف شیو سینا کی کاروائیاں، مہیش بھٹ کی مذمّت
جیو نیوز - اسلام آباد...... بالی وڈ فلم ساز اور ہدایت کارمہیش بھٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں کام کرنے سے روکنا بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک داغ ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق مہیش بھٹ نے جو اپنی فلموں میں ملکی مسائل کو اجاگر کرتے رہتے ہیں، بھارت میں عدم برداشت کی بڑھتی ہوئی فضاکے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوف کی فضاپیدا کرنا معاشرے کے لئے اچھا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیجنڈ گلوکار غلام علی کو مہاراشٹرا میں اپنے فن کی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کو با لی وڈ کی فلموں میں کام کرنےسے روکنا بھارتی جمہوریت کے منہ پر ایک داغ ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ قوم کا ان شرمناک واقعات کے خلاف ردعمل سامنے آیا ہے۔
انہوںنےکہا کہ اس قسم کے واقعات ہمارے آئین کا مذاق اڑا رہے ہیں اور یہ ہمارے جمہوریت کے دعووںکا بھی پول کھول رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے پاکستانی گلوکار غلام علی کوایک دھمکی کے ذریعے ممبئی میں پرفارم کرنے سے روک دیا تھا۔ اس کے علا وہ اس نےاعلان کیا تھا کہ وہ اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کو بھی بھارتی فلموں میں کام نہیں کرنے دے گی۔