5 اپریل 2016
وقت اشاعت: 3:42
روبن گھوش بغداد میں پیداہوئے، شبنم سے محبت پھر شادی کی
جیو نیوز - ڈھاکا......برصغیر کے ممتاز موسیقار اور بے شمار مقبول گانوں کی دھنیں تخلیق دینےو الے روبن گھوش ڈھاکا میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 76برس تھی اور گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔
روبن گھوش1939ءمیں بغداد میں پیداہوئے اور بچپن بھی وہیں گزارا۔1945ءمیں اپنے والد کے ساتھ ڈھاکا آگئے جہاں 1950ءمیں ریڈیو ڈھاکا کے ایک ملازم کی وساطت سے میوزک کمپوزرلگ گئے۔
ڈھاکا میں ان کی ملاقات شبنم سے ہوئی جو جھرنا کے نام سے بنگالی فلموں میں ایکسٹرا گر ل کے طور پرکام کرتی تھیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ دونوں میں قربت ہوئی جو بعد میں چاہت میں بدل گئی اور وہ جیون ساتھی بن گئے۔ آگے چل کرروبن شبنم فلمی دنیا کی کامیاب ترین جوڑی ثابت ہوئی۔
سقوطِ ڈھاکا کے وقت روبن گھوش نے مشرقی پاکستان کے بجائے مغربی پاکستان میں سکونت اختیا ر کرنے کافیصلہ کیاوہ کچھ عرصہ کراچی میں مقیم رہنے کے بعد لاہور شفٹ ہوگئے،البتہ 1996ء میں اس وقت دلبرداشتہ ہوگئے جب ان کے گھر ڈکیتی کاواقعہ پیش آیا اور پھر تمام جائیداد فروخت کرکے ڈھاکا شفٹ ہوگئے۔
پاکستان کی بہت سی مقبول فلموں کی موسیقی روبن گھوش نے ترتیب دی اور6نگار ایوارڈ حاصل کیے۔ گلوکار احمد رشدی کے کئی مشہورگانوں کی دھنیں روبن گھوش نے ترتیب دیں۔ انہوں نے پاکستان میں آخری فلم’’جو ڈر گیا وہ مر گیا‘‘کی موسیقی ترتیب دی تھی۔روبن گھوش کی مشہور فلموں میں چکوری، تلاش، چاہت، آئینہ، امبر، بندش، دوریاں شامل ہیں۔