27 فروری 2012
وقت اشاعت: 4:25
آسکر ایوارڈز کی ریڈ کارپٹ تقریب میں چند گھنٹے رہ گئے
جیو نیوز - لاس اینجلس … 84ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب اب سے چند گھنٹے بعد شروع ہونے والی ہے، شائقین اپنے پسندیدہ اداکاروں کو قریب سے دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔امریکی شہر لاس اینجلس کے کوڈیک تھیٹر میں آسکر ایوارڈز کی ریڈ کارپٹ تقریب شروع ہونے میں چند ہی گھنٹے رہ گئے ہیں، شائقین اپنے پسندیدہ اداکاروں کوقریب سے دیکھنے کے لیے تقریب شروع ہونے کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں،وہ خوش نصیب جنہیں ان ایوارڈز کے ٹکٹ مل گئے ہیں ان کی خوشی کا تو کوئی ٹھکانا ہی نہیں لیکن بہت سے ایسے بھی ہیں جو اپنے پسندیدہ فلمی ستاروں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے باہر ہی جمع ہیں۔بہترین فلم کے لیے9 نامزدگیاں ہیں جن میں دی آرٹسٹ ، ہیوگو اور دی ڈیسینڈنٹس جیسی فلمیں شامل ہیں، بہترین ڈائریکٹر کے لیے دوڑ وڈی ایلن، مائیکل زینا دشیس، ٹرینس ملک، ایلکزینڈر پئین اور مارٹن سکورسیزی میں ہوگی، بہترین اداکارہ کے لیے گلین کلوز، ویولا ڈیوس، رونی میرا، میرل اسٹریپ اور میشیل ولیمز ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ جب کہ بہترین اداکار کے لیے بریڈ پٹ، ڈیمین بچر،جارج کلونی،جون ڈوجارڈن اور گیری اولڈمین نامزد ہوئے ہیں۔