17 مئی 2012
وقت اشاعت: 17:58
چھنوبوائے علی ظفر 18مئی کواپنی32ویں سالگرہ منائینگے
جیو نیوز - لاہور…چھنو بوائے کے نام سے مشہور پاکستانی گلوکار،موسیقار،نغمہ نگار،اداکار ، ماڈل و پینٹر علی ظفر18مئی کو اپنی32ویں سالگرہ منائینگے۔18مئی1980کو لاہور میں پیدا ہونے والے علی ظفر نے اپنے شوبز کیرئیر کا آغاز اداکار و ہدایتکارہ ثمینہ پیرزادہ کی فلم شرارت کے لیے گانا"جگنوؤں سے بھرلوں آنچل"ریکارڈ کرواکر کیا،تاہم انہیں اس شعبے میں کامیابی اپنی پہلی البم حقہ پانی کے گانے"چھنو کی آنکھ میں اک نشہ ہے"سے ملی۔پاکستان میں کئی گانے ریکارڈ کرواکے بیحد شہرت کمانے والے علی ظفر نے اپنے ایکٹنگ کیرئیر کا آغازبھارتی ہدایتکار ابھیشک شرما کی کامیڈی فلم"تیرے بن لادن "سے کیاجس نے انہیں راتوں رات پاکستان سمیت بھارت کا بھی اُبھرتا ہوا اسٹار بنادیا۔تیرے بن لادن کی کامیابی کے بعد علی ظفر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور انہیں پے درپے بھارتی فلموں کی پیشکش ہونے لگی۔علی ظفر اب تک تیرے بن لادن سمیت تین مزید بھارتی فلموں لو کا دی اینڈ ،میرے برادر کی دلہن اور لندن پیرس نیو یارک میں کام کرچکے ہیں جبکہ مزید تین سے چار فلموں کی شوٹنگ جاری ہے۔پاکستان اور بھارت میں موسیقی اور اداکاری کے شعبے میں اپنی شاندار صلاحیتوں کے بل بوتے پر بیشمار ایوارڈز حاصل کرنے والے علی ظفر کو کئی بار ایشیا کے پُرکشش ترین مردوں کی فہرست میں بھی شامل کیا جاچکا ہے جبکہ حال ہی میں انہیں بھارت کے معتبر فلمی ایوارڈ دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا گیا ہے۔