29 مئی 2012
وقت اشاعت: 20:21
بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی اطالوی ہدایتکار کی فلم میں کام کرینگے
جیو نیوز - ممبئی … بالی ووڈ میں اداکار نواز الدین صدیقی کو کانز فلم فیسٹیول میں کافی پذیرائی ملی ہے اور ساتھ ہی انٹرنیشنل سنیما میں کام بھی مل گیا ہے۔ اس سال بالی ووڈ کی جو فلمیں اس فیسٹیول میں دکھائی گئیں ان میں گینگز آف واسے پور اور مس لولی نے خاصی پذیرائی حاصل کی، ان دونوں فلموں میں ہی نواز الدین صدیقی نے کام کیا ہے۔ نواز کے کام کو فلم بینوں اور ناقدین کے ساتھ ساتھ فلمسازوں نے بھی پسند کیا ہے اور اسی سبب اطالوی ہدایتکار مارکو امینتا نے نوبل انعام یافتہ بنگالی ماہر معاشیات محمد یونس پر بنائی جانے والی فلم کیلئے نواز الدین صدیقی کو منتخب کرلیا ہے۔ نواز الدین صدیقی کانز فلم فیسٹول میں شرکت اور پسند کیے جانے کو ایک خواب کی مانند سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک عرصے سے بالی ووڈ میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کرپائے، البتہ کانز میں انہیں اچھا رسپانس ملا ہے جس پر نواز خاصے خوش ہیں۔ تاہم نواز الدین صدیقی کا شکوہ ہے کہ بالی ووڈ میں ان جیسے اداکاروں کو سنجیدہ لیا ہی نہیں جاتا ۔نواز صدیقی اس سے قبل ودیا بالن کی مشہور فلم کہانی میں انسپکٹر خان کا کردار ادا کرچکے ہیں۔