تازہ ترین سرخیاں
 کھیل 
8 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 13:51

ذیشان عباسی کے معاملے میں بھارت کی معذرت قبول

اے آر وائی - پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے ذیشان عباسی کے معاملےمیں بھارتی معذرت قبول کر لی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس واقعہ سے پاکستان ٹیم کے دورہ بھارت پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔



ناشتے کی ٹیبل پر فینائل یا ڈیٹرجنٹ کی بوتل ہوٹل کے سوئیپر نے رکھ دی پانی کی بوتل اور اس بوتل میں کوئی فرق نہیں تھا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان عباسی اور پانچ چھ کھلاڑی اسی میز پر ناشتہ کر رہے تھے۔ ذیشان نے پانی کی بوتل ہاتھ میں لی۔ اور پانی سمجھ کر پی گئے۔ تو طبیعت خراب ہو گئی۔ ذئیشان عباسی نے پے در پے الٹیاں کیں۔ انہیں ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ جہاں انڈو اسکوپی اور ابتدائی ٹیسٹ کے بعد کے انہیں نگہداشت میں رکھا گیا۔



واقعے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح ملک بھر میں پھیل گئی۔ ذیشان عباسی کے والد نے اپنی بیٹے کی زندگی خطرے میں قرار دی اور مطالبہ کیا کہ اسے بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کیا جائے۔ اسی دوران ذیشان عباسی کو ہوٹل میں میڈیا کے سامنے لے جایا گیا۔ جہاں ان کی حالت قدرے بہتر دکھائی دی اس دوران پاکستان اور بھارت میں بڑی ہل چل مچی رہی۔



پاکستانی ہائی کمشنر نے بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کر لیا۔ بھارتی اداروں اور ہوٹل انتطامیہ نے بھی تفتیش شروع کر دی کہ ذیشان عباسی کو پانی کی جگہ تیزاب پلانے کی کوئی سازش تو نہیں ہو گئی۔ پاکستان نے بھارت کو میچ میں شکست دے دی تھی۔ ہوٹل انتظامیہ نے باقاعدہ معذرت کی اور بتایا غلطی کرنے والے صفائی کے عملے کو معطل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی چھان بین بھی کی جا رہی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ پی سی بی کا کہنا ہے اس معاملے سے پاکستان کی سینئر کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت پر کوئی آنچ نہیں آئے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.