20 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 21:43
ایشین چیمپینزٹرافی:پاکستان نے اومان کو 3-8 سے ٹھکانے لگادیا
اے آر وائی - ایشین چیمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم نے فاتحانہ آغاز کردیا۔ پہلے میچ میں اومان کو تین کے مقابلے میں آٹھ گول سے شکست دی۔ دوحا میں کھیلے جانے والے میچ کے پہلے ہاف میں اچھا مقابلہ دیکھنے میں آیا۔جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میچ دو دو گول سے برابر تھا۔
دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم کے فاورڈز نے منظم ہوکر جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اومان کی ٹیم کو آؤٹ کلاس کردیا۔ اس ہاف میں قومی ٹیم نے چھ گول کرکے میچ تین کے مقابلے میں آٹھ گول سے جیت لیا۔ قومی ہاکی ٹیم ایونٹ کے دوسرے میچ میں جمعے کو چین کے مدمقابل ہوگی۔