22 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 10:45
پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کیلئے روانہ
اے آر وائی - پاکستان ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹیم بھارت کے خلاف سیریز کے لئے دہلی روانہ ہو گئی۔ ون ڈے اسکواڈ میں شامل دیگر سات کھلاڑی چھبیس دسمبرکو روانہ ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق قومی ٹیم نئی دہلی ائر پورٹ پر دو گھنٹے کے وقفے کے بعد بنگلور کے لئے روانہ ہوگی۔ اور پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے بنگلور پہنچے گی۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی ناصر جمشید، عمر امین، محمد عرفان، جنید خان، اسد علی اور ذوالفقار بابر پہلی مرتبہ بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
بھارت روانہ ہونے والے دستے میں پندرہ کھلاڑی اورگیارہ آفیشلز شامل ہیں۔ چھبیس دسمبر کو ون ڈے کے لئے بھارت جانے والے کھلاڑیوں میں مصباح الحق، یونس خان، اظہر علی، حارث سہیل، وہاب ریاض، عمران فرحت اور انور علی شامل ہیں۔