24 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 6:28
پاکستان اور بھارت کل سے پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں مد مقابل
اے آر وائی - پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان منگل سے پہلی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جارہی ہے۔اس سے قبل دونوں ٹیمیں صرف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مدمقابل آئے ہیں جس میں کھیلے گئے تین میچوں میں بھارت فتحیاب ہوا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ افتتاحی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہو ا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد مقابلہ برابر ہوگیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے اس وقت کے قانون کے مطابق بال آوٹ کا سہارا لیا گیا جس میں بھارت نے فتح پائی۔ اسی ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں ایک بار پھر مدمقابل ہوئیں اور یہ میچ تھا ایونٹ کا فائنل۔ دونوں ہی ٹیموں نے کامیابی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائی۔
بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے ایک سو ستاون رنز بنائے۔ جواب میں پاکستا ن کا آغاز اچھا نہ رہا تاہم مصباح الحق ذمہ دارنہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو آخری اوورتک لے گئے۔ آخری اوور میں گرین شرٹس کو گیارہ رنز درکار تھے مصباح نے پہلی گیند پر سیکسر لگا کر میچ کو مزید سنسنی خیز بنا دیا لیکن تیسری گیند پر غلط شاٹ کھیلا او ر میچ بھارت کی جھولی میں ڈال دیا۔
پاکستان کو میچ میں پانچ رنز سے شکست ہوئی۔ تیسرا میچ دو ہزار بارہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کھیلا گیا۔ اس میچ میں بھارت نے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی باہمی سیریز کھیلی جائے گی۔ اس میں کون فاتح رہتا ہے یہ اٹھائیس دسمبر کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے بعد معلوم ہوجائے گا۔