26 دسمبر 2012
وقت اشاعت: 16:38
کامران اکمل اور ایشانت شرما پرآئی سی سی نے جرمانہ عائد کردیا
اے آر وائی - آئی سی سی نے کامران اکمل اور ایشانت شرما کے درمیان پہلے ٹی ٹوینٹی میں تلخ جملوں کے تبادلے پر دونوں پر میچ کی فیس کا پانچ پانچ فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ اپیل کرنے پر ایشانت شرما کا جرمانہ بڑھا کر پندرہ فیصد کردیا گیا۔
پاک بھارت ٹیموں کے درمیان میچ ہوں تو شائقین کرکٹ کے ساتھ کھلاڑیوں کے بھی جذبات عروج پر ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے میچوں میں اکثر تلخیاں بھی ہوتی جاتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ ہوا بنگلور کے ٹی ٹوینٹی میں جب پاکستانی اننگز اٹھارہویں اوور میں ایشانت شرما اور کامران اکمل کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ لیکن بات زیادہ نہ بگڑی اور معاملہ ہوگیا ختم۔
مگر امپائروں کی رپورٹ کے بعد میچ ریفری روشن ماہنامہ نے دونوں کھلاڑیوں پر آئی سی سی کے ضابطہء اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا پانچ پانچ فیصد جرمانہ عائد کردیا۔ جس پر ایشانت نے اپیل کی تو ماہنامہ نے تنازع شروع کرنے پر ان کا جرمانہ بڑھا کر پندرہ فیصد کردیا۔