3 جنوری 2013
وقت اشاعت: 16:28
ناصر جمشید نے بھارت کے خلاف تیسری سینچری بنا ڈالی
اے آر وائی - ناصر جمشید نے چنئی کے بعد کولکتہ کے ون ڈے میں بھی سینچری بنا ڈالی۔ یہ ان کے کیرئیر اور بھارت کے خلاف تیسری سینچری ہے۔ ناصر جمشید کو تو جیسے بھارت کے خلاف رنز بنانے کی عادت سی ہوگئی ہے۔ وہ ہر میچ میں بھارتی بولرز کی جم کر تواضع کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ناصر نے بھارت کے خلاف چار میچز کھیلے جس میں سے پہلے میچ میں انھوںنے نصف سینچری اسکور کی جبکہ بقیہ تین میچوں میں تین سیینچریاں بنا ئیں ہیں۔۔۔ ناصر جمشید نے پہلے میچ میں تیریپن رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف ناصر نے ایک سو بارہ رنز کی بنائے۔۔۔اور محمد حفیظ کے ساتھ مل کر دو سو چوبیس رنز کی ریکارڈ شراکت بھی قائم کی۔
اس کے بعد حالیہ سیریز میں چنئی کے پہلے ون ڈے میں ایک سو ایک رنز ناٹ آؤٹ بناکر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور اب کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کی سلور جوبلی کے موقع پر ایک سو چھ رنز بناکر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کردیا ۔ انھوں نے ایک سو چھ رنز ایک سو چوبیس گیندوں پر دو چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے بنائے۔